مٹی کے تیل اور ہائی آکٹین کی قیمت میں اضافہ عیدسرپرائز ہے،مزمل اسلم

0
3

خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نےکہاہےکہ مٹی کے تیل اور ہائی آکٹین کی قیمت میں اضافہ عیدسرپرائز ہے۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے مٹی کے تیل اور ہائی آکٹین کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائی آکٹین کو امیر طبقے کا ایندھن قرار دیتے ہوئے اس پر 300 روپے فی لیٹر لیوی عائد کی، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر تقریباً 534 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جہاں ہائی آکٹین کو اشرافیہ سے منسوب کیا جا رہا ہے، وہیں غریب طبقے کے زیر استعمال کیروسین آئل کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا، جس سے اس کی قیمت 430 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ ہائی آکٹین پر لیوی بڑھانے سے 9 ارب روپے کی بچت ہوگی، تاہم ان کے اندازے کے مطابق بڑی تعداد میں صارفین ہائی آکٹین سے سپریم پیٹرول پر منتقل ہو جائیں گے، جس سے اس ہدف کا حصول مشکل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاند رات کے موقع پر پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کو وزیراعظم نے عید کا تحفہ قرار دیا تھا، لیکن صرف 48 گھنٹوں بعد مٹی کے تیل اور ہائی آکٹین میں اضافہ اسی’’تحفے‘‘ کے برعکس ایک نیا سرپرائز معلوم ہوتا ہے۔

Leave a reply