میٹرک و انٹر کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا آن لائن ڈیجیٹل سسٹم متعارف

0
39

طلبا و طالبات کیلئے اہم خبر،میٹرک و انٹر کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا آن لائن ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروادیاگیا۔
ملک بھر میں میٹرک و انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی تصدیق کرنیوالے ادارے آئی بی ای سی (انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن) نے میٹرک اور انٹر کی ڈگریوں کی تصدیق کے عمل میں سربمہر لفافوں کے ذریعے بھجوائی گئی اسناد کے عمل کو ختم کردیا ہے اور اس کی جگہ ڈیجیٹلائز سسٹم متعارف کروادیا ہے۔
اس نظام کے تحت ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈ سے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کی اسناد کی تصدیق اب دستیاب آن لائن ڈیٹا اور پورٹل شیئرنگ کی بنیاد پر کی جائے گی اور اسی تصدیق کی بنیاد پر طلبہ کے میٹرک و انٹر کی دستاویزات کردی جائے گی۔ذہن نشین رہے کہ آئی بی سی سی سے اسناد کی تصدیق بیرون ملک جانیوالے طلبا کیلئے ضروری ہوتا ہے۔
ڈائریکٹر آئی بی سی سی کا کہنا ہے کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل میں بہتر کارکردگی کیلئے آئی بی سی سی نے یہ قدم اٹھایا ہے اور ایجوکیشنل بورڈز سے اسناد کی تصدیق کے مرحلے میں نمایاں تبدیلی کردی گئی ہے، تاہم جن تعلیمی بورڈز کے پاس پہلے سے ہی اپنے ڈیجیٹل تصدیقی نظام موجود ہیں، انہیں اے پی آئی ایس APIs کے ذریعے آئی بی سی سی اٹیسٹ ٹیشن پورٹل کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جس سے تصدیق شدہ ڈیٹا براہ راست آئی بی سی سی پورٹل پر بھیج دیا جائے گا اور طالبعلموں کو سیل بند لفافوں میں تصدیق شدہ دستاویزات لانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس اقدام سے نا صرف دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ اسے تیز رفتار اور زیادہ موثر بھی بنایا جاسکے گا، جبکہ طلبا کے اخراجات بھی کم ہوں گے اورانہیں تعلیمی بورڈز کے چکر بھی نہیں لگاناپڑیں گے۔

Leave a reply