وزیراعظم کی ایندھن بچت اور کفایت شعاری اقدامات تیزکرنے کی ہدایت

0
7

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں عملدرآمد کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایات پر عمل یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ انٹیلی جینس بیورو تمام اقدامات کی نگرانی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے گا۔ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ضروریات کے مطابق وافر ذخیرہ موجود ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پیٹرولیم درآمدات کی سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے وزیرِ پیٹرولیم مزید فعال کردار ادا کریں، جبکہ حالات معمول پر آنے تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔
بریفنگ کے مطابق مجموعی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کا مکمل ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔
مزید بتایا گیا کہ کابینہ کے تمام ارکان نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سرکاری محکموں میں تیل کے استعمال میں کمی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان اقدامات سے عوام کو ریلیف دینے میں مدد ملے گی، جبکہ ملک میں ادویات کا بھی مناسب ذخیرہ موجود ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ورک فرام ہوم کے لیے سرکاری ای-آفس سہولت فراہم کرنے کی غرض سے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے خصوصی کنیکٹیویٹی کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم وز وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Leave a reply