پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹرٹیجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور و وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ’’اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے‘‘ (SMDA) پر دستخط کئے۔
یہ معاہدہ و دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے ، خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈاراور وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔
سعودی شاہی محل آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب پہنچنے پر شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا، شہباز شریف کے طیارے کو سعودی فضائیہ کے ایف 15 لڑاکا طیاروں نے اپنی حفاظت میں لیا اور ایئر بیس تک پروٹوکول دیا گیا۔