پاکستان کے خیر خواہوں گروپ عمران خان اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کا معاملہ
پاکستان ٹوڈے:اسلام آباد (انصار عباسی) ’’پاکستان کے خیر خواہوں‘‘ کا ایک گروپ نہ صرف عمران خان اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کا معاملہ حل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کیلئے متحد ہو رہا ہے بلکہ سیاسی جماعتوں سے کہہ رہا ہے.
تفصیلات کے مطابق کہ عوام اور ملک کی بہتری کیلئے ایک ساتھ مل بیٹھیں۔ اس گروپ میں کچھ سینئر ’’غیر جانبدار‘‘ سیاست دان اور ایک ریٹائرڈ جرنیل شامل ہیں۔ ان میں سے ایک نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ اب تک کم از کم تین ’’پاکستان کے خیر خواہ‘‘ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں، کچھ اور بھی شامل ہو سکتے ہیں، تاکہ قومی ہم آہنگی اور سیاسی استحکام کیلئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
تین میں سے دو سابق وفاقی وزراء ہیں جبکہ تیسری شخصیت ایک معروف ریٹائرڈ تھری اسٹار جرنیل ہے۔ تینوں جانے پہچانے چہرے ہیں۔ اس مرحلے پر پاکستان کے یہ خیر خواہ اپنی شناخت ظاہر کرنے کے خواہشمند نہیں لیکن وہ اس معاملے پر بات کر رہے ہیں کہ فوج اور سیاست میں اپنے رابطوں کو کس طرح استعمال کر کے دشمنی اور نفرت کی سیاست کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
اس گروپ کیلئے سب سے بڑا باعث پریشانی معاملہ عمران خان اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان خلیج کو ختم کرنا ہے۔ اس خلیج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تنازع ہے، پی ٹی آئی اور حکمران اتحادی جماعتیں بھی آپس میں بات نہیں کرتیں جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6؍ ججز کے خط کو دیکھیں تو عدلیہ میں بھی تقسیم سامنے آئی ہے۔ کہا جاتا ہے.
کہ موجودہ حالات ملک کیلئے اچھے نہیں جس میں سیاسی استحکام کے ساتھ تمام اداروں کے احترام کی بھی ضرورت ہے۔ ذریعے کا کہنا تھا کہ ’’جیسے ہی ہم اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے، ہم میڈیا کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے اشارتاً کہا کہ زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ حالیہ مہینوں کے دوران ٹاک شوز میں پاکستان کے ان خیر خواہوں کے خیالات سن کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے.
کہ ان کی اصل توجہ ممکنہ طور پر عمران خان، پی ٹی آئی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اختلافات کو دور کرنا ہو سکتی ہے۔ نومبر 2022ء سے عمران خان، پی ٹی آئی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما مایوس کن انداز سے ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے براہِ راست رابطے کی کوشش کر رہے ہیں.
لیکن اب تک ایسا کچھ نہیں ہوا۔ کچھ بالواسطہ رابطوں کے بارے میں غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں لیکن عمران خان اور ان کی پارٹی دونوں کیلئے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوئے۔ چند ہفتے قبل سابق سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے دعویٰ کیا تھا کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان سے رابطہ کیا تھا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان کے علم میں ہے کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان سے بالواسطہ رابطہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پیغام دیا گیا کہ وہ تسلیم کریں کہ 9؍ مئی کے حملوں کی منصوبہ بندی انہوں نے کی تھی، اس کیلئے وہ معافی مانگیں اور یقین دہانی کرائیں کہ وہ دوبارہ ایسی حرکت نہیں کریں گے۔ جنرل (ر) لودھی نے مزید کہا کہ عمران خان نے جواب دیا کہ انہوں نے 9؍ مئی کے حملوں کی منصوبہ بندی نہیں کی، عمران خان نے آتشزدگی اور غنڈہ گردی میں ملوث افراد کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ان واقعات میں ملوث افراد کو پی ٹی آئی سے نکالنے کو یقینی بنایا جائے گا۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔