پی آئی اےکی بڑی کامیابی:21سال بعداربوں روپےکامنافع حاصل کرلیا

0
15

پی آئی اے کو بڑی کامیابی مل گئی ۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن( پی آئی اے) نے 21سال بعد اربوں روپے کامنافع حاصل کرلیا ۔
ترجمان کے مطابق2024 میں قومی ائیرلائن نے 9.3ارب روپے آپریشنل منافع جبکہ 26.2 ارب روپےخالص منافع کمایا۔
ترجمان نے بتایا کہ قومی ائیرلائن کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زیادہ رہا جو کہ کسی بھی بہترین ائیرلائن کے ہم پلہ ہے۔قومی ائیرلائن نے آخری منافع سال 2003 میں حاصل کیا تھا۔
قومی ائیرلائن کی قابل ذکر کارکردگی پر وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف نے کہا کہ قوم کا فخر سمجھی جانے والی ائیرلائن پر عوام نے امید کھو دی تھی، حکومت کے سخت اقدامات کے باعث قومی ائیرلائن میں مثبت تبدیلی ممکن ہوئی ہے۔
خواجہ آصف نے بھی اپنے بیان میں بتایا کہ قومی ائیرلائن نے مالی سال 2024 میں 9.3 ارب روپے آپریٹنگ منافع کمایا اور 21 سال بعد قومی ائیرلائن کو 26.2 ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہوا، قومی ائیرلائن کی تنظیم نو،لاگت اور افرادی قوت میں معقولیت لائی گئی۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ائیرلائن اب نجکاری کے ذریعے مالیاتی کارکردگی سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ہر جانب سے اچھی خبریں آ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راستوں کی اصلاح اور مالیاتی نظم وضبط کے تحت جامع اصلاحات نافذ کی گئیں۔

Leave a reply