پی ٹی آئی واحدسیاسی جماعت ہےجولاشوں کی تلاش میں رہتی ہے،عطاتارڑ

0
33

وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نےکہاہےکہ تحریک انصاف واحدسیاسی جماعت ہےجولاشوں کی تلاش میں رہتی ہے، کوئی لاش ملے تو کہتے ہیں ہمارے لوگ شہید کیے گئے ہیں۔
اسلام آبادمیں میڈیاسےگفتگوکرتےہوئےوفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑکاکہناتھاکہ بہت افسوس کی بات ہے کہ بغیر ثبوت اور دلیل کے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کردیا گیا ہے۔ یہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ کوئی لاشیں گری ہیں یا لوگ مرے ہیں۔ ابھی تھوڑی دیر پہلے پولی کلینک انتظامیہ نے بیان دیا ہے کہ یہاں کوئی لاشیں نہیں آئیں۔ حالانکہ واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی والے پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ لاشیں گری ہیں ۔
عطااللہ تارڑ کامزیدکہناتھاکہ جدید اسلحہ سے لیس، سادہ کپڑوں میں، پولیس والے اور سیکورٹی اہل کار ان کے ہمراہ تھے، آنسو گیس کے شیل، آنسو گیس فائر کرنے والی گنز ان کے پاس تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے جو پتھراؤ کیا، غلیلوں کا استعمال کیا، پولیس والوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، اور اب انہوں نے لاشوں کی سیاست شروع کردی ہے۔
اُن کاکہناتھاکہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو لاشوں کی تلاش میں رہتی ہے، کوئی لاش ملے تو کہتے ہیں ہمارے لوگ شہید کیے گئے ہیں۔ آپ کے لیڈر کی فائنل کال تھی، لاشیں گرنے کی بات کررہے ہیں تو ثبوت دیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ یا کوئی اور ریکارڈ۔ یہ محض جھوٹ اور ایک بیانیہ گھڑا جا رہا ہے۔ آپ تو موقع سے فرار ہوئے ہیں۔ جو ڈیڑھ سو پولیس والے زخمی ہیں، جو 4 رینجرز اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں ، جو آپ کے لوگ اسلحہ چلاتے دیکھے گئے ہیں، شیل فائر کررہے ہیں، ان کے حوالے سے آپ کے پاس کیا توجیہ ہے؟۔
عطااللہ تارڑکامزیدکہناتھاکہ 37 افغان باشندے گرفتار ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگ اس میں شامل تھے جو ریکارڈ یافتہ تھے، جن کا دہشت گردی اور چوری و ڈکیتی سے تعلق ہے، یہ لوگ مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔ ان لوگوں کو استعمال کرنا اور ڈھال کر بنا کر اپنےسیاسی مظاہرے کی توجیہ دینے کی ہم سختی سے تردید کرتے ہیں ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کو منسوخ کرایا جائے، شہر کے امن کو خراب کروایا جائے ، یہ دراصل پاکستان اور اس کی معیشت کو متاثر کرنے کا منصوبہ تھا۔ جتنا تشدد کیا گیا، شہید یا زخمی ہوئے ہیں، ان تمام تشدد کے واقعات میں ان ہی کے لوگ ملوث پائے گئے ہیں، گرفتار افراد بھی دوران تفتیش یہی کہہ رہے ہیں کہ ہم سے یہ چیزیں برآمد ہوئی ہیں۔

Leave a reply