چین نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا، دنیا کی پہلی 6G چپ متعارف

ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم پیشرفت ، چین نے امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا، دنیا کی پہلی 6G چپ متعارف کرادی۔
یوں تو 5 جی ٹیکنالوجی ہی ابھی دنیا کے مختلف ممالک میں دستیاب نہیں مگر ماہرین کی جانب سے اگلی نسل کی موبائل انٹرنیٹ ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔چین نے اس حوالے سے بہت اہم پیشرفت کرتے ہوئے دنیا کی پہلی 6 جی چپ متعارف کرائی ہے۔
یہ آل فریکوئنسی 6 جی چپ 100 جی بی فی سیکنڈ (جی بی پی ایس) سے زائد موبائل انٹرنیٹ اسپیڈ فراہم کرنے کے قابل ہے۔جرنل نیچر میں اس 6 جی چپ کے حوالے سے تحقیق کے نتائج جاری ہوئے۔نتائج میں بتایا گیا کہ اس 6 جی چپ سے انٹرنیٹ کی سپیڈ اتنی تیز ہوگی کہ 50 جی بی کی ایچ ڈی 8K فلم کو چند سیکنڈز میں بھیجا جاسکے گا۔
ابھی کچھ 5 جی موبائل فونز 3 گیگا ہرٹز پر کام کرتے ہیں، سیٹلائیٹس کی جانب سے 30 گیگا ہرٹز کو استعمال کیا جاتا ہے جبکہ مستقبل کی ڈیوائسز کے لیے 100 گیگا ہرٹز فریکوئنسیز درکار ہوں گے، جو کہ کسی چیلنج سے کم نہیں۔مگر چینی محققین نے اس حوالے سے چند حل پیش کیے ہیں۔
محققین کے مطابق انہوں نے کامیابی سے 0.5 گیگا ہرٹز سے 115 گیگا ہرٹز وائرلیس سپیکٹرم کو کامیابی سے انگوٹھے کے ناخن جتنی حجم کی چپ میں شامل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اور یہ مختلف سپیکٹرمز میں بہت آسانی سے سوئچ ہو جاتی ہے جبکہ ملی میٹر ویو اور ٹیراہرٹز کمیونیکیشنز کو بھی سپورٹ کرتی ہے۔ امریکا اور یورپ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی پہلی 6 جی چپ متعارف کرانے والا ایشیائی ملک چین بن گیا ہے۔