چیٹ جی پی ٹی کا استعمال انسانی دماغ پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟

0
11

چیٹ جی پی ٹی ٹیکنالوجی کا استعمال انسانی دماغ پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے؟ تازہ ترین تحقیق میں حیرت انگیزاور حیران کن نتائج سامنے آ گئے۔
محققین کے بقول یہ جاننا ضروری ہے کہ اے آئی ماڈلز سے طویل المعیاد بنیادوں پر دماغ پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟ خاص طور پر نوجوان دماغ پر زیادہ منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرتے ہیں۔
حال ہی میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس اے آئی چیٹ بوٹ کا استعمال ہمارے دماغ پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے۔ایم آئی ٹی میڈیا لیب کی اس تحقیق میں 18 سے 39 سال کی عمر کے 54 افراد کو شامل کیا گیا ،ان افراد کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک کو چیٹ جی پی ٹی، دوسرے کو گوگل سرچ انجن اور تیسرے کو اپنی کوشش سے متعدد مضامین لکھنے کی ہدایت کی گئی۔
محققین نے ان افراد کی دماغی سرگرمیوں کو ای ای جی استعمال کرکے ریکارڈ کیا۔انہوں نے دریافت کیا کہ جس گروپ کے افراد نے مضامین کیلئے چیٹ جی پی ٹی پر انحصار کیا، انہوں نے اپنے دماغ کا استعمال کم کیا، یادداشت پر بھی منفی اثرات ہوئے،جبکہ کام پر کم توجہ مرکوز کی۔
تحقیق کے مطابق اگرچہ اے آئی ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی سے کام کی افادیت بڑھتی ہے ،مگر ان پر انحصار ہم میں سے بیشتر افراد کو غبی یا سست بنا سکتا ہے۔
تحقیق میں عندیہ دیا گیا ہے کہ اے آئی ماڈلز کے استعمال سے سیکھنے کے دماغی عمل کو نقصان پہنچتا ہے، خاص طور پر نوجوان صارفین زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
تحقیق کے نتائج ابھی کسی معتبر جریدے میں شائع نہیں ہوئے جبکہ اس میں شامل افراد کی تعداد بھی زیادہ نہیں تھی، مگر محققین کے خیال میں نتائج بہت اہم ہیں۔

Leave a reply