کمال احمد رضوی کا یوم پیدائش

0
87

پاکستان ٹوڈے: معروف ڈرامہ نگار، مصنف ،ہدایتکار اور اداکار کمال احمد رضوی کی آج سالگرہ منائی جارہی ہے ۔ کمال احمد رضوی مزاح میں طنزاور اصلاح کے پہلو کو اجاگر کرنے کا کمال بخوبی جانتے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان میں ڈرامہ نگاری کے فن کو بامِ عروج پر پہنچایا۔

تفصیلات کے مطابق کمال احمد رضوی یکم مئی 1930کو ہندوستان میں پیداہوئے اور1951میں پاکستان آئے ۔ وہ کچھ عرصہ کراچی میں رہے پھرلاہورمنتقل ہو گئے۔ انہوں نے فنی کیریئر میں ریڈیو اور سٹیج پر بھی کردار نگاری کی، کمال احمد رضوی نے1958میں صرف 19 برس کی عمر میں تھیٹرشروع کیا اور ان کاشمار پاکستان کے سٹیج کے بانیوں میں کیا جاتا ہے۔

1965 میں پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سٹوڈیو کے قیام کے بعد پہلی بار الف نون شروع کیا جس میں انہوں نے الن کا اوررفیع خاورنے ننھے کا کردار ادا کیا۔ الف نون پی ٹی وی کا مقبول ترین پروگرام ثابت ہوا اور اس ڈرامے کی مقبولیت کو دیکتھے ہوئے الف نون کو مختلف ادوار میں چارمرتبہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

کلپ ڈرامہ الف نون

جاندار اداکاری اور طنزیہ مزاح نگاری میں ماہر کمال احمد رضوی نے 20 سے زائد ڈرامے تحریر کیے اور خود ہی ان کو ڈائریکٹ بھی کیا اور ان میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں چور مچائے شور ،میرا ہمدم میرا دوست،آدھی بات اورصاحب بی بی غلام قابل ذکر ہیں۔

کمال احمد رضوی بچوں کے مشہور رسالے تعلیم و تربیت سے وابستہ رہے جبکہ شمع اور آئینہ جیسے جرائد کے بھی ایڈیٹر رہے۔انہوں نے ریڈیو اور سٹیج پر بھی کردار نگاری کے جوہر دکھائے، ان کا ڈرامہ شیطان بہت مقبول ہوا۔

کمال احمد رضوی نے اپنی ساٹھ سالہ فنی زندگی میں یادگار ڈراموں سے اپنی پہچان بنائی جس کی بدولت انہین تمغہ حسن کارکردگی سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ کمال احمد رضوی 17 دسمبر 2015کو کراچی میں اس دنیائے فانی سے کوچ کر گئے لیکن وہ آج بھی اپنے فن کی بدولت پرستاروں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

Leave a reply