یوٹیوب شارٹس کا بےتحاشا استعمال محدود،ٹائمر فیچر متعارف

0
4

یوٹیوب کے صارفین کیلئے اہم خبر،یوٹیوب شارٹس کا بےتحاشا استعمال محدود،ٹائمر فیچر متعارف کروادیاگیا۔
معروف ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے صارفین کوشارٹس ویڈیوز کے حد سے زیادہ استعمال سے بچانے کیلئے ایک نیا ٹائمر فیچر متعارف کروا دیا۔اس فیچر کے ذریعے صارفین ایپ کی سیٹنگز میں روزانہ ویڈیوز دیکھنے کا وقت مقرر کر سکتے ہیں، مقررہ حد پوری ہونے پر ایک پاپ اپ نوٹیفکیشن سامنے آتا ہے جو شارٹس سکرولنگ کو روک دیتا ہے، تاہم صارف اگر چاہے تو اسے ڈسمس بھی کر سکتا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ اتھارٹی نے رواں سال کی شروعات میں دریافت کیا تھا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صحت مند سکرین ٹائم عادات کو فروغ دینا اور صارفین کو بے جا سکرولنگ سے باز رکھنا ہے۔کمپنی کے مطابق اس فیچر کے والدین کے کنٹرول آپشن کو 2026 میں متعارف کروایا جائے گا، تاکہ بچے الرٹس کو ڈسمس نہ کر سکیں۔یہ اقدام یوٹیوب کے پہلے سے موجود ڈیجیٹل ویل بینگ ٹولز جیسے Take a Break اور Bedtime Reminders کے تسلسل میں کیا گیا ہے، جو صارفین کو مخصوص وقت کے بعد دیکھنا بند کرنے کی یاد دہانی کرواتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام ذہنی صحت کے فروغ کیلئے انتہائی اہم ہے، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ صرف یاد دہانیاں دینا کافی نہیں، بلکہ حقیقی وقت کی پابندی کیلئے سخت اقدامات درکار ہیں۔

Leave a reply