
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تحریک انصاف کے تقریباً 90 فیصد مطالبات مان لیے گئے تھے۔
رہنماپیپلزپارٹی شیری رحمان کاکہناتھاکہ بات چیت کا آغاز انتہائی مثبت انداز میں ہوا تھا جس کے بعد دونوں فریقین بیشتر اہم معاملات پر متفق ہوچکے تھے، یہاں تک کہ اس بات کی تیاری کی جارہی تھی کہ حتمی معاہدے پر دستخط کون کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مذاکراتی میز پر تمام مسائل حل ہوچکے تھے، لیکن اپوزیشن کی جانب سے اچانک یہ بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اس معاہدے کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، جس کے باعث یہ جامع کوشش ناکام ہوئی اور بات آگے نہ بڑھ سکی۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ایک دن میں تمام چیزیں طے نہیں ہوسکتیں، اسی لیے اپوزیشن سے کہا تھا کہ وہ مذاکرات کی میز پر رہ کر اپنے مسائل حل کرے۔














