پنجاب میں 25سال بعدبسنت کے تہوار کی واپسی

پنجاب میں بسنت کے تہوار کی واپسی،صوبےمیں 25 سال بعد پتنگ بازی کی بہار دوبارہ لوٹنے کیلئے تیار،لاہور کی چھتوں پر ایک مرتبہ پھر بو کاٹا کی صدائیں بلند ہوگی ۔
پنجاب کائٹ فلائینگ آرڈیننس 2025 جاری،پنجاب حکومت نے 25 برس بعد پتنگ بازی کی اجازت دیدی۔پنجاب میں پتنگ بازی پر 2001 میں پابندی لگائی گئی تھی، جبکہ اب پچیس سال بعد دوبارہ اجازت دیدی گئی ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے بسنت منانے کی مشروط اجازت کا آرڈیننس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پتنگ بازی کیلئے تفصیلی اصول و ضوابط مقرر کیے گئے ہیں۔
آرڈیننس کے تحت بسنت کی اجازت تو دی گئی ہے، مگر ساتھ ہی سخت شرائط، حفاظتی اقدامات اور سزائیں بھی مقرر کی گئی ہیں، تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان دوبارہ نہ ہو۔
پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بسنت فروری کے پہلے ہفتے میں منائی جائے گی، جبکہ حتمی تاریخ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔
آرڈیننس کے مطابق صرف دھاگے سے بنی ڈور سے ہی پتنگ بازی کی اجازت ہوگی، دھاتی یا تیز دھار مانجھے سے بنی ڈور کے استعمال پر کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہو گی۔
آرڈیننس کے مطابق ہر موٹرسائیکل متعین کردہ حفاظتی تدابیر کے مطابق چلائی جائے گی۔ہر پتنگ پر QR کوڈ ہو گا، جس سے پتنگ بیچنے والے کی شناخت ہو سکے گی، نیزپتنگیں صرف رجسٹرڈ دکانداروں سے خریدی جا سکیں گی۔















