پاکستانی پہاڑوں پر برفباری کم ہونے کی بڑی وجوہ سامنے آ گئیں

0
71

گلوبل وارمنگ سے ہوائی نظام میں خلل ،سالِ رواں میں پاکستان کے پہاڑوں پہ برفباری کم کیوں ہوئی؟اہم موسمی وجوہات سامنے آ گئیں۔
پاکستان اورہندوستان میں اس سال سردی زیادہ، مگرحیران کن طور پر پہاڑوں پہ برف باری کافی کم ہوئی ہے۔
ماہرین موسمیات نے انکشاف کیا ہےکہ موسم سرما میں یہاں برف باری وبارشوں کا باعث بننے والا قدرتی ہوائی نظام’’مغربی خلل‘‘ ( disturbance Western ) کی وجہ سے کمزور پڑ چکا۔یہ نظام بحیرہ روم، بحیرہ اسود اور بحیرہ قزوین کی نمی لے کر چلتا اور راستے میں بحیرہ عرب سے بھی آبی بخارات لیتا ہے اورجب پاک وہند پہنچ کر دنیا کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں، ہمالیہ، ہندوکش، قراقرم وغیرہ سے ٹکراتا ہے تو اس کی ہوا بلند ہو جاتی ہے۔تب ان ہواؤں کی نمی جم کر برف باری کی صورت گرتی ہے،نمی زیادہ ہو تو بارش بھی زیادہ ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق گلوبل وارمنگ سے ہوائی نظام میں مغربی خلل شمال کی طرف جا رہا ہے، لہٰذا اب اس میں بحیرہ عرب کی نمی کم ہو چکی ہے،اسی کمی سے پاکستان کے پہاڑوں پر برف باری کم ہوئی، جو خطرے کی گھنٹی ہے، کیونکہ پہلے ہی ان پہاڑوں کے گلیشیرزبڑھتی گرمی سے پگھل رہے ہیں، لہٰذااگر برف باری بھی کم ہو گئی تو مستقبل میں کروڑوں انسانوں کیلئے پانی کا بحران جنم لے سکتا ہے۔

Leave a reply