پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کے نئے اوقاتِ کار جاری

0
125

طلبا و طالبات کیلئے اہم خبر، تعلیمی اداروں کے نئے اوقاتِ کار جاری۔ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی گئی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے اوقات کا اطلاق 19 جنوری سے 15 اپریل 2026 تک رہے گا، جس کا مقصد تعلیمی نظام کو موسم اور تدریسی ضروریات کے مطابق مؤثر بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ سرکاری سکولوں میں پیر سے جمعرات تک طلبا کے لیے تدریسی اوقات صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز سکول صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے۔
ڈبل شفٹ سکولوں کے لیے بھی نیا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ مارننگ شفٹ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوگی، جبکہ آفٹرنون شفٹ دوپہر 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک جاری رہے گی۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کے اوقاتِ کار میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پیر سے جمعرات تک اساتذہ کے لیے تدریسی اوقات کے علاوہ تیاری، پیشہ ورانہ تربیت اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں بھی شامل کر دی گئی ہیں۔
اساتذہ کو سی پی ڈی پروگرامز، تربیتی سیشنز اور نصابی سرگرمیوں میں شرکت کا پابند بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ متبادل ہفتہ یعنی الٹرنیٹ سنیچر کے روز اساتذہ کی حاضری کو بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور تدریسی عمل کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
ان تبدیلیوں سے ناصرف تعلیمی نظم و ضبط میں بہتری آئے گی بلکہ طلبا اور اساتذہ دونوں کے لیے تعلیمی ماحول زیادہ موثر اور منظم ہو سکے گا۔ نئے اوقاتِ کار کے نفاذ کے بعد سکول انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Leave a reply