شب ِبرأت آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

0
11

نوری محفل پہ چادر تنی نور کی ، نور پھیلا ہوا آج کی رات ہے۔شب ِبرأت آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
شب ِ برأت کے سلسلے میں ملک بھر کی مساجد میں آج خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مساجد میں آج رات بھر نوافل ادا کیے جائیں گے، شہری رات بھر نوافل کے ساتھ اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہ میں اپنے خاندان اور احباب کی سلامتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگیں گے۔محافل ِ شبینہ میں ذکر الٰہی کی خصوصی تقاریب، حسن قرات، حمد و نعت اور درود و سلام پیش کیا جائے گا۔
شب برأت میں شب کا مطلب رات ہے اور برأت کے بنیادی معانی چھٹکارا، نجات، بیزاری، بری ہونا یا صفائی کے ہیں۔اسی مناسبت سے وطن ِعزیز پاکستان میں بسنے والے مسلمان آج اللہ تعالی کے حضورسجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی بخشش مانگتے ہیں۔شب ِ برأت کے سلسلے میں ملک بھر میں مساجد کوبرقی وقمقوں سے سجادیا گیا ہے۔
شب ِ برأت کو لیلۃ المبارکہ اور لیلۃ الرحمۃ بھی کہا جاتا ہے، شب برأت دراصل اس عزم و عہد کی رات ہے کہ بندہ اپنے رب سے مغفرت طلب کرتا ہے۔ اس بابرکت رات میں اہل ایمان رب کائنات کے حضور سربسجود ہو کر توبہ و استغفار، اپنے اعمال کی اصلاح، گناہوں سے توبہ، رزق میں برکت اور صحت و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں۔

Leave a reply