گوگل سرچ میں بڑی تبدیلی: جیمینائی طرز کا اے آئی فیچر متعارف

0
6

گوگل صارفین کیلئے خوشخبری،ٹیکنالوجی کے عالمی ادارے گوگل نے اپنے مشہور سرچ انجن میں جدید جیمنائی طرز کے اے آئی فیچر کا آغاز کر دیا ۔
گوگل کے مطابق سرچ انجن میں موجود اے آئی اوور ویوز(AI Overviews) فیچر اب جیمنائی 3 پر مبنی ہوگا، جو صارفین کو پہلے سے زیادہ مربوط، جامع اور مفصل جوابات فراہم کرے گا۔اس کے ساتھ ہی گوگل سرچ میں ایک نئی اے آئی چیٹ ونڈو بھی متعارف کروائی جا رہی ہے، جو فالو اپ سوالات کے جوابات دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ صارف ایک سوال پوچھنے کے بعد اسی ونڈو میں مزید ذیلی سوالات بھی کر سکے گا۔اب تک سرچ انجن بنیادی طور پر کی ورڈز پر انحصار کرتا رہا ہے، جس کے باعث صارفین کو اکثر بے شمار نتائج میں سے مطلوبہ معلومات تلاش کرنا پڑتی تھیں، تاہم نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین طویل اور گفتگو نما سرچز کے ذریعے بھی براہِ راست مطلوبہ معلومات حاصل کر سکیں گے، بالکل اسی انداز میں جیسے وہ جیمنائی اے آئی سے بات چیت کر رہے ہوں۔
گوگل کے مطابق یہ فیچر گزشتہ کچھ عرصے سے محدود بنیادوں پر آزمایا جا رہا تھا اور اب یہ عالمی سطح پر موبائل صارفین کیلئےدستیاب ہے۔
کمپنی کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد سرچ کے تجربے کو مزید انٹرایکٹو، موثر اور انسانی گفتگو کے قریب بنانا ہے، تاکہ صارفین زیادہ قدرتی انداز میں معلومات تلاش کر سکیں۔یہ اقدام گوگل کے سرچ انجن کو محض کی ورڈز پر مبنی نظام سے آگے لے جا کر ایک جدید اے آئی اسسٹنٹ میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a reply