اسلام آباد خودکش حملہ،32 افراد جاں بحق ،درجنوں زخمی، عالمی برادری کی شدید مذمت

0
17

اسلام آباد کی امام بارگاہ میں خودکش دھماکے میں شہدا کی تعداد 32 ہوگئی جبکہ 121زخمی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کے دو بھائیوں سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔تاہم سانحہ پر سیاسی شخصیات اور عالمی برادری نے شدید مذمت کی۔
وفاقی دارالحکومت کی امام بارگاہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 نمازی شہید اور121 افراد زخمی ہوئے جبکہ 25 کی حالت تشویشناک ہے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق شہداء کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
سانحےکی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنےآئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خودکش حملے کے شواہد جمع کر لیے ہیں۔ حملہ آور نے دھماکہ سے قبل 6 گولیاں چلائیں، جن کے خول جائے وقوعہ سے مل گئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور ہال میں جا کر خودکش دھماکہ کر گیا، جس میں تقریباً 4 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا اور دھماکے کی شدت بڑھانے کے لیے بڑی مقدار میں بال بیرنگ شامل تھیں۔جبکہ نادرا کے ڈیٹا کی مدد سے حملہ آور کی شناخت مکمل کر لی گئی۔ حکام نے حملہ آور کے دو بھائیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور کا نام یاسر تھا، عمر 26 سال اور تعلق کالعدم داعش سے بتایا جا رہا ہے۔
اسلام آباد خودکش دھماکے پر عالمی برادری بھی متحرک ہو گئی۔ اقوام متحدہ، امریکا، سعودی عرب، ایران، روس، چین، ترکیہ، افغانستان، اسپین اور نیدرلینڈز نے شدید مذمت کی۔سعودی عرب نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔دوسری جانب امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے شہریوں اور عبادت گاہوں پر دہشت گردی کو ناقابل قبول قرار دیا اور چین نے اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔ جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Leave a reply