خیبرپختونخوا: پرائیوٹ سکولوں کیلئےریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹریشن لازمی

طلبا و طالبات کیلئے اہم خبر،محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے تمام غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کیلئے پرائیوٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹریشن لازمی قرار دیدی۔
محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو جاری مراسلے میں کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کو بورڈ امتحانات میں داخلہ نہیں ملے گا، بغیر رجسٹریشن کوئی نجی سکول نہیں چل سکے گا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کے تحت سکولوں کی رجسٹریشن لازمی ہے، صوبے میں 11 ہزار 887 نجی سکول رجسٹرڈ ہیں اورغیر رجسٹرڈ سکولوں کی وجہ سے سکول سے باہر بچوں کا درست اندازہ مشکل ہو رہا ہے۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے واضح کیا ہے کہ ایکٹ کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر سکول نہ کھولا جا سکتا نہ چلایا جا سکتا ہے۔















