لاکھوں فرزندانِ اسلام آج اعتکاف میں بیٹھیں گے

رمضان المبارک کے آخری عشرے کا آغاز، لاکھوں فرزندانِ اسلام آج اعتکاف بیٹھیں گے۔
اعتکاف سے مراد اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی نیت سے مسجد میں ٹھہرنا اور دنیاوی مشاغل سے قطع تعلق کر لینا ہے۔
مسنون اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیا جاتا ہے۔ اس کا وقت 20 رمضان کو سورج غروب ہونے سے پہلے شروع ہوتا ہے اور عید کا چاند نظر آنے تک جاری رہتا ہے۔
مردوں کے لیے اعتکاف جامع مسجد میں کرنا افضل ہے، جبکہ خواتین اپنے گھر میں نماز کے لیے مخصوص جگہ پر اعتکاف کر سکتی ہیں۔
معتکف صرف شرعی یا طبعی ضرورت (جیسے قضائے حاجت یا جمعہ کی نماز کے لیے اگر مسجد میں انتظام نہ ہو) کے لیے مسجد کی حدود سے باہر نکل سکتا ہے۔ بلا ضرورت باہر نکلنے سے اعتکاف فاسد ہو جاتا ہے۔
یہ عمل سنتِ مؤکدہ علی الکفایہ ہے، یعنی اگر بستی یا محلے میں کوئی ایک شخص بھی اعتکاف کر لے تو سب کی طرف سے ادائیگی ہو جاتا ہے۔















