اسلام آباد میں چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس، خطے میں امن کیلئے مذاکرات و سفارت کاری پر اتفاق

0
7

پاکستان کی سربراہی میں چارملکی وزرائےخارجہ اجلاس میں خطےمیں امن کےلئےمذاکرات وسفارت کاری پراتفاق کیاگیا۔
پاکستان کی میزبانی میں گزشتہ روز اسلام آباد میں اہم بیٹھک کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں فریقین نے تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی شریک تھے۔ اجلاس میں خطے میں کشیدگی اور جنگ بندی سے متعلق امور پر غور کیا گیا، جبکہ امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ہی مؤثر راستہ قرار دیا۔
ایران کے مطابق پاکستان نے ایران کے خلاف اسرائیلی اور امریکی کارروائیوں کی سخت مذمت بھی کی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے چار ملکی اجلاس سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مسلم امہ کے اتحاد کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ نے خطے کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور جنگ کے جلد خاتمے پر زور دیتے ہوئے اتفاق کیا کہ تنازعات کا حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
واضح رہےکہ خطےکی کشیدہ صورتحال پرمذاکرات کےبعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اپنے اپنے وطن چلے گئے۔

Leave a reply