
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، ایسے میں ماحول دوست اور برقی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کو جدید الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بچت کے لیے ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں جدید گاڑیوں کے نظام کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ماحول دوست گاڑیوں کی فراہمی ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی کھیپ اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دی گئی، جو پٹرول کے بجائے بجلی سے چلیں گی۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک الیکٹرک گاڑی 350 سے 400 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہے، جبکہ ایک گاڑی کے استعمال سے ماہانہ تقریباً 5 لاکھ روپے تک کی بچت ممکن ہے۔
مزید بتایا گیا کہ یہ برقی گاڑیاں 14 ماہ کے اندر اپنی لاگت پوری کر لیں گی۔















