نجی سکولوں میں نصاب اور یونیفارم کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ

0
6

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے نجی تعلیمی اداروں کیلئے اہم فیصلے کرتے ہوئے سکولوں کے اندر نصاب، یونیفارم اور سٹیشنری کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی نجی سکول انتظامیہ اپنی حدود میں کتابیں، کاپیاں، یونیفارم یا دیگر تعلیمی سامان فروخت نہیں کر سکے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سکول انتظامیہ والدین کو کسی مخصوص دکان یا وینڈر سے خریداری کیلئے مجبور بھی نہیں کر سکتی، جبکہ تعلیمی سال کے آغاز پر مکمل بک لسٹ فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ والدین کھلی مارکیٹ سے اپنی سہولت کے مطابق خریداری کر سکیں۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مخصوص مونوگرام یا لوگو والی نوٹ بکس خریدنے پر مجبور کرنا بھی غیر قانونی ہو گا۔ اور اس اقدام کا مقصد والدین پر مالی بوجھ کم کرنا اور تعلیمی اخراجات میں شفافیت لانا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالے سکولوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور رجسٹریشن منسوخی بھی شامل ہے۔

Leave a reply