حج سیزن 2026، یمنی عازمینِ حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا

مکہ مکرمہ میں حج سیزن 2026 کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گزشتہ روز یمنی عازمینِ حج کے پہلے قافلے کا استقبال وادی الدواسر کمشنری کے مرکز پر کیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاض ریجن کی میونسپلٹی کی زیر نگرانی قائم حاجی کیمپ میں زمینی راستے سے آنے والے یمنی عازمین کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کیمپوں میں امیگریشن، رہائش، آرام اور دیگر ضروری سہولیات 24 گھنٹے کی بنیاد پر فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
واضح رہے کہ یمن، شام اور عراق سے بڑی تعداد میں عازمین زمینی راستے کے ذریعے فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچتے ہیں، جن کے استقبال اور سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔















