توانائی کے شعبے میں بڑی دریافت،سندھ میں تیل و گیس کا بڑا ذخیرہ مل گیا

0
9

 آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع بوبی ڈیپ-1 نامی تلاشی کنویں سے تیل اور گیس کے ایک اہم ذخیرے کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی اطلاع کے مطابق آزمائشی پیداوار کے دوران کنویں سے یومیہ 2 ہزار بیرل خام تیل اور 11 لاکھ اسٹینڈرڈ مکعب فٹ گیس حاصل ہوئی۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق کنواں 3 ہزار 305 میٹر گہرائی تک کھودا گیا، جہاں لوئر گورو فارمیشن میں ہائیڈروکاربن کے ذخائر دریافت ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس علاقے کے وسیع سینڈ پلے میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی اہم دریافت ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نئی دریافت سے پاکستان کے توانائی کے مقامی ذخائر میں اضافہ ہوگا، ملک میں توانائی کے شعبے کو تقویت ملے گی اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دریافت شدہ ذخائر کے مزید تجزیے اور جانچ کا عمل جاری ہے، جبکہ اس کامیابی سے مستقبل میں علاقے میں تیل و گیس کی مزید تلاش کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں۔

Leave a reply