کے پی پولیس کا سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

0
12

خیبرپختونخوا پولیس نے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں رابطے کے مسائل حل کرنے کے لیے سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال میں پولیس ٹیمیں موبائل اور ٹیلی فون نیٹ ورک کی عدم دستیابی کے باوجود سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے رابطہ برقرار رکھ سکیں گی۔

ابتدائی مرحلے میں یہ جدید نظام بنوں، لکی مروت اور دیگر حساس و دور دراز علاقوں میں نافذ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جبکہ نظام کی نگرانی کے لیے ماہرین پر مشتمل خصوصی ٹیم تعینات کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں میں پولیس ٹیموں کو اکثر مواصلاتی مشکلات کا سامنا رہتا ہے، جس کے باعث آپریشنل سرگرمیوں میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ نئے نظام سے یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا۔

سیٹلائٹ کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے نہ صرف ہنگامی صورتحال میں بروقت رابطہ ممکن ہوگا بلکہ جائے وقوعہ تک فوری رسائی اور ریسپانس میں بھی بہتری آئے گی۔

پولیس کے مطابق اس جدید نظام کو بتدریج دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ پورے صوبے میں ایک مؤثر اور متبادل مواصلاتی نیٹ ورک قائم کیا جا سکے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس اقدام سے پولیس کی ایمرجنسی رسپانس صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور قدرتی آفات یا بحرانوں کے دوران امدادی کارروائیوں کو بھی زیادہ مؤثر بنایا جا سکے گا۔

Leave a reply