سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق 9 سالہ ہانیہ عدیل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری

0
16

سی سی ڈی اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی 9 سالہ ہانیہ عدیل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بچی کی موت متعدد گولیاں لگنے کے باعث ہوئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق شدید خون بہنے کی وجہ سے ہانیہ عدیل کی جان گئی، جبکہ زیادہ خون ضائع ہونے اور صدمے کے باعث دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچی کے جسم پر مجموعی طور پر 11 گولیوں کے زخم پائے گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں اس کی دائیں ران کی ہڈی شدید متاثر ہوئی اور ٹوٹ گئی۔

مزید بتایا گیا کہ گولی دائیں پھیپھڑے، جگر، بڑی اور چھوٹی آنتوں تک جا پہنچی جس سے اندرونی اعضاء شدید زخمی ہوئے۔ بچی کی چھاتی، پیٹ، ران اور بائیں کہنی پر گولیوں کے داخل اور خارج ہونے کے واضح زخم موجود تھے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق تمام زخم اینٹی مارٹم تھے، یعنی گولیاں موت سے پہلے لگیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ زخم اتنے شدید تھے کہ وہ فوری موت کا سبب بن سکتے تھے۔

پوسٹ مارٹم کے مطابق بچی کی موت اور معائنے کے درمیان 6 سے 8 گھنٹے کا وقفہ تھا۔ اسپتال انتظامیہ نے شواہد، خون آلود کپڑے اور ایکس رے محفوظ کر کے پولیس کے حوالے کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ 10 جون کو پنجاب کے ضلع چکوال میں پیش آیا تھا۔

Leave a reply