یکم جولائی سےملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر ڈیجیٹل نظام پر منتقل، نقد ادائیگی ختم

0
115

یکم جولائی سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت تمام زونل سربراہان اور سینئر افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ نظام میں اصلاحات اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران پاسپورٹ خدمات کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، جبکہ زونل سربراہان سے بھی سفارشات طلب کی گئیں۔

فیصلے کے تحت یکم جولائی سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد رقم کے ذریعے فیس جمع کرانے کی سہولت ختم کر دی جائے گی اور صرف کیو آر کوڈ (QR Code) کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی قبول کی جائے گی۔

ڈی جی پاسپورٹس نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس جلد ہی ایک جدید “پاسپورٹ موبائل ایپ” متعارف کروا رہا ہے، جس کے ذریعے ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

Leave a reply