معروف گلوکار طارق طافو انتقال کر گئے، شوبز حلقوں میں سوگ کی فضا

پاکستانی موسیقی کے معروف فنکار اور نامور موسیقار طافو خان کے صاحبزادے گلوکار طارق طافو انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق طارق طافو کو پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے۔
ان کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز اور موسیقی سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
طارق طافو اپنے مقبول گیت ’’لاہور لاہور اے‘‘ کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہچانے جاتے تھے۔ ان کی گائیکی نے انہیں موسیقی کے شائقین میں ایک منفرد مقام دلایا۔
مرحوم معروف غزل گائیک استاد غلام علی کے داماد بھی تھے۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔
فن اور موسیقی کے حلقوں میں طارق طافو کے انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مداح ان کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔















