
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کے تحت قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے افراد کو 20 سال کی مدت کے لیے چار ایکڑ زرعی زمین دی جائے گی۔ اس کے ساتھ حکومت کاشتکاری کا آغاز آسان بنانے کے لیے دو لاکھ روپے کی مالی معاونت بھی فراہم کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور مختصر وقت میں اسے عملی شکل دینا حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام پنجاب کے عوام، بالخصوص مستحق کسانوں کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اسکیم میں شمولیت کے لیے تقریباً 30 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے اہل درخواست گزاروں کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمین پر اگائی جانے والی تمام فصل اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن مکمل طور پر کسان کی ملکیت ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد ایسا نظام متعارف کرانا ہے جس میں محنت کرنے والے کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملے، اسی سوچ کے تحت یہ اسکیم شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت قابلِ کاشت سرکاری زمین مستحق افراد کو مرحلہ وار فراہم کرے گی، جبکہ زمین کی تیاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے بھی دیے جائیں گے تاکہ کسان بہتر انداز میں کاشتکاری کا آغاز کر سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین سمیت ہر طبقے کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جن افراد کو زراعت کا عملی تجربہ نہیں، انہیں جدید کاشتکاری سے متعلق تربیت اور تکنیکی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب ملک کا پہلا صوبہ ہے جہاں سرکاری زرعی زمین مستحق کاشتکاروں میں تقسیم کرنے کا عملی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکیم کے تمام مراحل، خصوصاً قرعہ اندازی، مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دی گئی۔















