حکومت کا حج انتظامات میں انقلابی تبدیلی متعارف کرانے کا فیصلہ

0
5

ذرائع کے مطابق حکومت حج کے انتظامی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد عازمین حج کو زیادہ شفاف، تیز اور سہل خدمات کی فراہمی ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور سے حج کے ڈیجیٹل نظام کا جامع اور قابل عمل پلان طلب کیا گیا ہے، جبکہ وزارت نے وزیراعظم کی ہدایت پر ابتدائی کام کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

منصوبے کے تحت آئندہ حج کے بیشتر مراحل آن لائن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔ حج درخواست، تصدیق، اور ادائیگی جیسے اہم عمل کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید آسان اور مؤثر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے، تاکہ عازمین کو ایک مربوط اور مرکزی نظام فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حج آپریشن میں شفافیت اور رفتار بڑھانے کے لیے تمام مراحل کو ایک مربوط ڈیجیٹل سسٹم کے تحت لانے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف اداروں کے درمیان تکنیکی مشاورت جاری ہے۔

سفارشات میں نادرا، بینکاری نظام اور دیگر متعلقہ اداروں کے انضمام کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ انسانی مداخلت کو کم کر کے خودکار نظام کو فروغ دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل میکنزم بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو جلد اس منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، اور حتمی منظوری کے بعد آئندہ حج پالیسی میں ڈیجیٹل اصلاحات کو شامل کیا جائے گا۔

Leave a reply