
پیسکو نے دورانِ سروس جاں بحق ملازمین کے بچوں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے زیرِ التوا کوٹہ کیسز کی تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے دورانِ سروس وفات پانے والے اور لائن ڈیوٹی کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے ملازمین کے بچوں کے لیے ایک اہم فیصلہ کرلیا۔
پیسکو انتظامیہ نے وفات پانے والے ملازمین کے کوٹہ کیسز پر دوبارہ غور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے 18 اکتوبر 2024 کے فیصلے سے پہلے کے تمام زیرِ التوا کیسز کو غور کے لیے شامل کیا جائے گا۔پیسکو انتظامیہ وفاقی آئینی عدالت کی وضاحت کی روشنی میں ان تمام کیسز کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد انٹرویوز کے انعقاد کے لیے باقاعدہ چھان بین کا عمل شروع کیا جائے گا۔
پیسکو ہیڈ آفس نے تمام فیلڈ دفاتر کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے ہاں پینڈنگ (زیرِ التوا) کیسز کی تمام تفصیلات اور مکمل دستاویزات فوری طور پر جمع کریں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مطلوبہ معلومات 30 جولائی تک خصوصی میسنجر کے ذریعے ہیڈ آفس پہنچ جانی چاہئیں۔
پیسکو انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ 30 جولائی کے بعد موصول ہونے والا کوئی بھی نیا دعویٰ یا کیس قابلِ سماعت نہیں ہوگا، اس لیے تمام دفاتر مقررہ وقت کے اندر رپورٹ کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔















