بچوں کے لیے نادرا جووینائل کارڈ بنوانے کا آسان طریقہ کار

0
8

نادرا نے 18 سال سے کم عمر بچوں کے لیے جووینائل کارڈ کے اجرا کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے، جس کے تحت والدین یا قانونی سرپرست چند آسان مراحل مکمل کرکے اپنے بچوں کا شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کے حصول کے لیے سب سے پہلے والدین یا سرپرست کو بچے کی نادرا میں رجسٹریشن کرانا ہوگی، جس کے بعد ٹوکن حاصل کیا جائے گا۔اس کے بعد کاؤنٹر پر بچے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات محفوظ کیے جائیں گے، جبکہ والدین یا سرپرست کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہوگی۔
طریقہ کار کے مطابق اگلے مرحلے میں ڈیٹا انٹری مکمل کی جائے گی، جس کے بعد اپروول آفیسر درخواست کی تصدیق کرے گا۔ تمام مراحل مکمل ہونے پر آن لائن فیس جمع کرائی جائے گی اور مقررہ مدت کے اندر جووینائل کارڈ وصول کیا جاسکے گا۔نادرا نے فیس اور ڈلیوری کے اوقات بھی جاری کیے ہیں۔ نارمل سروس کی فیس 750 روپے ہے، جس میں کارڈ 31 دن میں فراہم کیا جائے گا۔ارجنٹ سروس کے لیے 1500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے اور کارڈ 23 دن میں جاری ہوگا، جبکہ ایگزیکٹو سروس کی فیس 2500 روپے ہے، جس کے تحت کارڈ 9 دن میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔
درخواست جمع کرانے سے متعلق ہدایات نادرا کے مطابق جووینائل کارڈ کی درخواست بچے کی طرف سے والد، والدہ یا قانونی سرپرست جمع کرا سکتے ہیں، تاہم والدہ اور قانونی سرپرست کی صورت میں ان میں سے کسی ایک کا ساتھ ہونا ضروری ہے۔
مزید یہ کہ فارم پر والدین کو فنگر پرنٹ، موبائل نمبر، ای میل اور کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
نادرا نے شہریوں سے کہا ہے کہ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1777 یا نادرا کی ویب سائٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

Leave a reply