پاکستان کے 24 شہروں میں 5G سروسز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 18 لاکھ تک پہنچ گئی

پاکستان میں 24 شہروں میں تقریباً 18 لاکھ صارفین 5G سروسز استعمال کر رہے ہیں، جس کا انکشاف وفاقی وزیر آئی ٹی شیزہ فاطمہ خواجہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے 5G کے عمل کو آگے بڑھایا ہے، جبکہ اس سے قبل نواز شریف دور میں 4G متعارف کرایا گیا تھا۔
دوسری طرف، کمیٹی ارکان نے نیٹ ورک کی ناقص کوالٹی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کئی حصوں، بالخصوص سندھ میں، لوگ اب بھی بنیادی 3G اور 4G کنیکٹیویٹی کو ترس رہے ہیں اور 5G کے بعد انٹرنیٹ مزید خراب ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے ان مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹیلی کام سیکٹر کو بجلی کی کمی، سوشل میڈیا و AI کی وجہ سے ڈیٹا کے بڑھتے دباؤ اور سب سے بڑھ کر پورے ٹیلی کام ٹاورز، جنریٹر اور ڈیزل چوری ہونے جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔















