مسلح افواج ملکی خود مختاری اورسلامتی کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر

0
7

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جُرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لئے فاتحہ خوانی کی، کانفرنس کے شرکاء نے شہداءکی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکا کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں، ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں۔
شرکا کانفرنس نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے لازم ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے، یہ بھی ضروری ہے کہ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عملات پر موثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کیا جائے۔
کانفرنس کے مطابق کسی بھی جواز پر، پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کُن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اس کو دیرینہ سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کو جاری رکھا جائے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

Leave a reply