
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انتخابات لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت کرائے جائیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق بلدیاتی انتخابات متعلقہ قانون کے تحت ہونے چاہئیں۔
اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، جبکہ منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد نئے انتخابات نہیں ہوسکے۔ قانون کے مطابق بلدیاتی حکومت کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر نئے انتخابات کرانا ضروری تھا، تاہم قانون میں بار بار تبدیلیوں اور انتظامی مسائل کے باعث انتخابی عمل تاخیر کا شکار رہا۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔ امیدوار 2 سے 6 نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، جبکہ ان کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک کی جائے گی۔
کاغذاتِ نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں 14 سے 18 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی۔ امیدوار 25 نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدر، وزیراعظم، وفاقی وزرا اور ارکانِ اسمبلی بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں سرکاری افسران کی تقرریوں اور تبادلوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔















