
سرکاری حج اسکیم کے تحت دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں ایک روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ رہ جانے والے عازمینِ حج آج رات 12 بجے تک اپنے واجبات جمع کرا سکتے ہیں۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق مقررہ تاریخ تک 1200 عازمینِ حج نے دوسری قسط جمع نہیں کرائی، جنہیں ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے انفرادی پیغامات بھی بھیجے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ رہ جانے والے عازمین کے لیے واجبات جمع کرانے کا آج آخری موقع ہے۔ مقررہ وقت تک دوسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں ان کی حج درخواست منسوخ کردی جائے گی۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق درخواست منسوخ ہونے کی صورت میں متعلقہ عازمین کو پہلی قسط واپس کردی جائے گی۔















