برفباری کے شوقین سیاحوں نے ملکہ ٔ کوہسار اور گلیات کا رخ کر لیا

0
15

نئے سال کی آمد کا جشن منانے اور برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد نے ملکہ ٔ کوہسار مری اور گلیات کا رخ کر لیا ۔

ملکہ ٔ کوہسار اور گلیات میں موسم سرما کی برفباری کاآغاز ہو چکا،جس سے لطف اندوز ہونے کیلئے ویک اینڈ پر مری اور نتھیاگلی کے ملحقہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش دیکھنے میں آ رہا ہے ۔
برفباری سے ملکۂ کوہسار کے حسن میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ کی زیر نگرانی سیاحوں کیلئے سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی ہمہ وقت بحالی اور دیگر سروسز کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مری اور گلیات میں برفباری کے نئے سپل کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے، لہٰذا ضلعی انتظامیہ کے حکام مختلف جگہوں پر سیاحوں کو حفاظتی اقدامات سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے موجود ہیں۔اس کے علاوہ گلیات آنیوالے سیاحوں کی آسانی کیلئے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔
اس حوالے سےترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران بھی جی ڈی اے کاعملہ سڑکوں کو ٹریفک کیلئے کھولنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے ،سنو کلیئرنس آپریشن میں ہیوی مشینری استعمال کی جا رہی ہے، جبکہ نتھیاگلی اور چھانگلہ گلی میں کنڑول روم مکمل فعال ہیں اورسیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ۔
انتظامیہ نےبرفباری کے دوران ملکۂ کوہسار اور گلیات آنیوالے سیاحوں کو ڈرائیونگ میں احتیاط کرنے اورسفرکے دوران تمام ضروری سامان ساتھ رکھنے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں ،تاکہ برفباری کے شوقین سیاحوں کا ملکہ ٔ کوہسار مری اور گلیات کا دورہ محفوظ ،خوشگوار اور یادگار ثابت ہو ۔

Leave a reply