دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی شہروں کی فہرست جاری

0
1

دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی شہرکون سے ہیں؟یورومونٹر انٹرنیشنل نے دنیا کے 10 مقبول ترین سیاحتی شہروں کی فہرست جاری کردی۔
یورومونٹر انٹرنیشنل کے سٹی ڈیسٹینیشن انڈیکس کے مطابق عالمی سطح پر بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجہ سیاحت کا فروغ ہے ۔اس فہرست میں تھائی لینڈ کا دارالحکومت بینکاک 3 کروڑ 20 لاکھ سے زائد وزیٹرز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، یہ شہر اپنی رونق بھری گلیوں، سٹریٹ فوڈ، مندروں اور رات کی روشنیوں کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے باعث ِکشش ہے۔
دوسرے نمبر پر ترکی کا شہر استنبول ہے، جو دو براعظموں کو جوڑنے والا شہر ہے، جہاں رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد سیاح پہنچے، استنبول اپنی تاریخی مساجد، بازاروں اور ثقافتی ورثے کے باعث سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
تیسرے نمبر پر برطانیہ کا دارالحکومت لندن ہے، جہاں 2 کروڑ 20 لاکھ کے قریب سیاح آئے، لندن اپنی صدیوں پرانی تاریخ پیلس، میوزیمز، پُرکشش مارکیٹس اور جدید طرزِ زندگی کے امتزاج کی بدولت دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔
چوتھے نمبر پر چین کا شہر ہانگ کانگ ہے، جو اپنی بلند عمارتوں، وکٹوریا ہاربر اور ذائقے دار کھانوں کی وجہ سے مقبول ہے۔
پانچویں نمبر پر سعودی عرب کا مقدس شہر مکہ مکرمہ ہے، جہاں دنیا بھر سے ایک کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ زائرین عمرہ اور حج کیلئے آئے۔
انڈیکس میں اناطولیہ چھٹے نمبر پر، دبئی ساتویں، مکاؤ آٹھویں اور پیرس نویں نمبر پر آیا، جبکہ کوالالمپور دسویں نمبر پر ہے، ان شہروں نے اپنی ساحلی خوبصورتی، شاہانہ طرزِ زندگی، تاریخی ورثے اور مختلف کلچرل امتزاج کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ۔
اگرچہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات خصوصاً گلگت بلتستان اورجنت نظیر آزادکشمیر کی وادیاں بھی اپنی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی تنوع کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کرتی ہیں، تاہم اس فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی شہر شامل نہیں۔

Leave a reply