صدرزرداری نےآرمی ،ایئرفورس اورنیوی ترمیمی بل 2025کی منظوری دیدی

صدرمملکت آصف علی زرداری نےپاکستان آرمی ،ایئرفورس اورنیوی ترمیمی بل 2025کی منظوری دےدی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے منظور ہونے والے پاکستان آرمی (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دی۔
اس کے علاوہ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان ائیر فورس (ترمیمی) بل 2025 اور پاکستان نیوی (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری بھی دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد یہ تینوں ترمیمی بل قانون کا حصہ بن گئے ہیں۔
آرمی ایکٹ کے مطابق آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے، عہدے کی مدت 5 سال ہو گی جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کردیا گیا ہے۔ 27 ویں آئینی ترمیم میں اس بات کی منظوری بھی دی گئی تھی کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ تاحیات ہو گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ روزسینیٹ سے پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ایئر فورس ایکٹ اور پاکستان نیوی ایکٹ ترمیمی بل کثرتِ رائے سے منظور کیاگیاتھا۔
منظوری کے وقت پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ارکان نے بلوں کی مخالفت کی۔ ہمایوں مہمند اور کامران مرتضیٰ نے بل کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ بھی کیا، تاہم چیئرمین نے ایوان سے رائے لے کر بلوں کو منظور کرلیا۔
بحث کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایوان پہلے ہی 27ویں آئینی ترمیم پاس کر چکا ہے، اسی کے تحت متعلقہ ایکٹس میں ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں۔















