سوات: گرین ویلی مالم جبہ میں بچوں کیلئے پہلی کڈز زپ لائن کا افتتاح

پاکستان کا سوئٹزر لینڈ کہلانے والی وادیٔ سوات کی گرین ویلی اور پر فضا سیاحتی مقام مالم جبہ کی گرین ویلی میں پہلی بار بچوں کے لیے سو میٹر لمبی خصوصی کڈز زپ لائن کا افتتاح کر دیا گیا ۔
زپ لائن نے علاقے کی سیاحتی سرگرمیوں میں نئی جان ڈال دی ہے۔ افتتاحی تقریب میں بڑی تعداد میں بچوں نے حصہ لیا اور سواری کر کے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سیاح بچوں کا کہنا تھا کہ زپ لائن کا تجربہ نیا، محفوظ اور انتہائی مزے دار تھا اور وہ اپنے ہم عمر بچوں کو بھی یہاں آنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
سکی ریزورٹ انتظامیہ کے مطابق پہلے زپ لائن صرف بڑوں کیلئے دستیاب تھی، لیکن بڑھتی فیملیز اور بچوں کی دلچسپی کے پیش نظر پہلی بار کم عمر سیاحوں کیلئے علیحدہ اور مکمل محفوظ زپ لائن لگائی گئی ہے، تاکہ وہ بھی ایڈونچر ٹورازم کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔
کڈز زپ لائن کی انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ کڈز زپ لائن کی شمولیت سے مالم جبہ میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔















