خیبرپختونخوا کے سکولوں میں اے آئی کو نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ

تعلیم کے فروغ کا سلسلہ،خیبرپختونخوا حکومت نے سکولوں میں اے آئی کو نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کرلیاہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سکولوں میں چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو نصاب کا باقاعدہ حصہ بنا کر پڑھانے کا فیصلہ کر لیا، تاہم تجربہ کار اساتذہ اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اس وقت اے آئی پڑھانے کیلئے صوبے بھر میں 5 ہزار 525 آئی ٹی لیب کی کمی ہے، ہائیر سیکنڈری سکولوں میں 225 ،جبکہ مڈل سکولوں میں 3 ہزار 515 آئی ٹی لیب درکار ہیں ،جو تاحال دستیاب نہیں ۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے مطابق سکولوں میں پڑھائے جانیوالے کمپیوٹر سائنس کے موجودہ نصاب میں اے آئی سے متعلق مواد شامل ہی نہیں، جس کے باعث نصاب میں بڑی تبدیلیاں ناگزیر قرار دی جا رہی ہیں، جبکہ مختلف جماعتوں میں 35 سے 50 فیصد تک اے آئی کا مواد شامل کیا جائے گا۔اے آئی مضمون کی تدریس کیلئے محکمہ تعلیم نے 7 ہزار 555 آئی ٹی اساتذہ کی بھرتی کا بھی فیصلہ کیا ہے، تاکہ نئی ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں طلبہ تک منتقل کیا جا سکے۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق اے آئی کو باضابطہ طور پر مارچ 2026 سے نصاب کا حصہ بنا دیا جائے گا۔















