
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ آزاد کشمیر کے انتخابات بھی پاکستان جیسے ہوں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جلد انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ یہ انتخابی عمل شفاف انداز میں مکمل ہوگا۔اورآزاد کشمیر کے انتخابات بھی پاکستان جیسے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بند ہونے کے باعث کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، اس لیے حالیہ واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے ایک ٹرتھ کمیشن قائم کیا جانا چاہیے تاکہ تمام حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سینئر سیاستدان ہیں، اس لیے انہیں اپنے منصب کے مطابق محتاط اور ذمہ دارانہ زبان استعمال کرنی چاہیے۔
ان کے مطابق کشمیری عوام سے متعلق وزیر دفاع کے بیانات اور تبصرے نامناسب تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ خواجہ آصف یا تو اپنے بیان پر کشمیری عوام سے معذرت کریں یا پھر اگر وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں تو وزارت سے علیحدگی اختیار کریں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مثبت پیغام نہیں گیا، تاہم انہیں امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر دوبارہ غور کریں گے۔















