زرمبادلہ ذخائر میں بڑااضافہ،اسٹیٹ بینک نے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے

حکومت کی جانب سے غیر ملکی بینکوں سے حاصل کیے گئے کمرشل قرضوں کی ری فنانسنگ کے بعد ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ بھاری سرکاری مالیاتی آمد کے باعث ڈالر ذخائر ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے حکومت کو تقریباً 2 ارب ڈالر کی بیرونی مالیاتی آمد موصول ہوئی، جس کے نتیجے میں مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے پاس موجود سرکاری زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 18 ارب 47 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب 52 کروڑ ڈالر ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق موجودہ سطح پر پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کافی سمجھے جا رہے ہیں، جو بیرونی ادائیگیوں کے تناظر میں ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔















