مصطفیٰ کمال کا ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے حوالے سے نیا انکشاف

0
4

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے حوالے سے نیا انکشاف کرتے ہوئے کہا نائٹ پارٹیز میں جانے والے لڑکے لڑکیاں ایچ آئی وی پازیٹو ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ سرنجز کا دوبارہ استعمال نہیں، بلکہ نائٹ پارٹیز ہیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ کے دوران وزیر صحت نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایچ آئی وی کیسز کے پھیلاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے، جہاں اب ماہانہ 30 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں سامنے آنے والے نئے ایچ آئی وی پازیٹو افراد وہ نہیں ہیں جو نشے کے لیے سرنجز کا استعمال کرتے ہیں، بلکہ نائٹ پارٹیز میں جانے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اس وائرس کا شکار ہو رہے ہیں اور وہاں جانے والے کئی افراد ایچ آئی وی پازیٹو پائے گئے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل میں اس مہلک وائرس کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے اور نوجوان لڑکے لڑکیوں کو ایسی نائٹ پارٹیز سے روکنے اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی اولین ذمہ داری اب والدین پر عائد ہوتی ہے۔
سینیٹ کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت میں ایچ آئی وی کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے سدِباب کے لیے فوری اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔

Leave a reply