اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ

0
5

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے لیے الگ اسمبلی اور حکومتی نظام قائم کرنے کی تجویز تیار کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ اسلام آباد اسمبلی 20 سے 30 ارکان پر مشتمل ہوگی اور اس کے ارکان براہ راست عوامی ووٹوں سے منتخب کیے جائیں گے۔ اسمبلی کو وفاقی دارالحکومت سے متعلق قانون سازی کے اختیارات حاصل ہوں گے جبکہ اس کا الگ سیکریٹریٹ بھی قائم کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ نظام کے تحت اسلام آباد کا الگ چیف ایگزیکٹو ہوگا جو انتظامی امور کی نگرانی کرے گا۔ اسلام آباد کی ترقی، بلدیاتی اور انتظامی معاملات، بشمول سی ڈی اے سے متعلق امور اسمبلی کے ذریعے چلائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے قائم کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کر لی ہیں۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری اور مصدق ملک شامل ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مجوزہ اصلاحات کی وزیراعظم سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے گی، جس کے بعد اسلام آباد کے لیے نئے انتظامی و حکومتی ڈھانچے کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

Leave a reply