سردی، بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی

سردی، بارش اور برفباری، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہے گا۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہےکہ اگلے 2 روز کے دوران بالائی علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پانچ دسمبر سے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونحوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔چھ دسمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونحوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری جبکہ سات دسمبر کو گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
دوسری جانب روشنیوں اور ساحلوں کےشہر کراچی کا خنک موسم بتدریج سرد موسم میں بدل سکتا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق جمعرات کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت مزید دو تا تین ڈگری کمی سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔شہر میں زیادہ تر بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔صوبے کے دیگر شہروں میں خشک موسم کے ساتھ راتیں خنک رہنے کی توقع ہے، جبکہ سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔















