ملک بھر میں کڑاکے کی سردی،پہاڑوں پرمزید برفباری کی پیشگوئی

ملک بھر میں کڑاکے کی سردی،پہاڑوں پرمزید برفباری کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سے کشمیر تک ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑرہی ہے،جبکہ میدانی علاقوں میں صبح سویرے اور رات کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری کے وسط میں راتیں مزید خنک ہو جائیں گی۔
محکمہ موسمیات کاکہناہےکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سفر سے قبل نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی ایپ یا ویب سائٹ سے مدد لیں۔
موسم کاحال بتانےوالوں کاکہناہےکہ ملک بھر میں شدید سردی کی لہر کے اثرات ساحلی شہر کراچی میں بھی نمایاں ہو نے لگے،سردی کے سبب شہر قائد کے درجہ حرارت میں واضح کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان سے چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کے سبب ساحلوں کے شہرکراچی میں رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔















