تاریخی قائداعظم لائبریری کی ڈیجیٹلائزیشن کے بڑے منصوبے کا آغاز

0
5

علم وادب کے فروغ کا جدید انداز،تاریخی قائداعظم لائبریری کی ڈیجیٹلائزیشن کے بڑے منصوبے کا آغاز ،اس منصوبے کے تحت آئندہ دو سے تین برسوں میں لائبریری کے بیشتر علمی و تحقیقی ذخیرے کو آن لائن دستیاب بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،جبکہ لائبریری میں جناح کارنر کے قیام کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جس کا افتتاح عیدالفطر کے بعد متوقع ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب لائبریریز کاشف منظورکا کہنا ہے کہ قائداعظم لائبریری نا صرف لاہوربلکہ ملک کی اہم ریفرنس اور تحقیقی لائبریریوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں اس وقت تقریباً پونے دو لاکھ کتابیں موجود ہیں، جبکہ لاکھوں آن لائن تحقیقی وسائل تک بھی رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن کے جاری منصوبے کے تحت لائبریری کے ذخیرے کو مرحلہ وار ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا جا رہا ہے ،تاکہ محققین اور طلبا دنیا کے کسی بھی حصے سے اس علمی سرمایہ سے فائدہ اٹھا سکیں، موجودہ عمارت کی تاریخ انیسویں صدی کے وسط تک جاتی ہے اور یہ عمارت ابتدائی طور پر جم خانہ کے طور پر استعمال ہوتی رہی۔ بعد ازاں جم خانہ کو ظفر علی روڈ منتقل کر دیا گیا اور یہ عمارت سول سروسز اکیڈمی کے زیر استعمال رہی۔
قائداعظم لائبریری بنیادی طور پر ریفرنس اور ریسرچ لائبریری ہے جہاں انسائیکلوپیڈیا اور دیگر تحقیقی مواد خاص طور پر محققین کیلئےفراہم کیا جاتا ہے، تاہم سی ایس ایس اور پی ایم ایس سمیت دیگر مقابلے کے امتحانات کی تیاری کرنیوالے طلبا و طالبات بھی بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں اور علمی ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

Leave a reply