ایران سے کشیدگی کے خاتمے کیلئےسفارتی اقدامات جاری رہیں گے،امریکی وزیر خارجه

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ تنازع کے حل کے لیے سفارت کاری جاری رکھے گا، تاہم مذاکرات حقیقت پر مبنی ہونے چاہییں۔
فلپائن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ کئی بار سفارتی کوششیں کی ہیں اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا، تاہم اگر ایران کسی ممکنہ معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ایسا معاہدہ مؤثر نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کو دباؤ کے آلے کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جبکہ امریکا عالمی بحری جہاز رانی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دیگر ممالک کو بھی عسکری اور مالی تعاون کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایران کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور تہران کی جانب سے مذاکرات کی خواہش کے اشارے بھی مل رہے ہیں۔















